|

وقتِ اشاعت :   February 29 – 2024

گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

گوادر اور گردو نواح میں بارش اور ژالہ باری جاری ہے ، نگور میں بارشوں سے کھیتوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے پانی گوادر شہر کی طرف بڑھنے کا خدشہ ہے۔

نگراں صوبائی وزیراطلاعات  جان اچکزئی نے  بتایا ہے کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ نے سمری دستخط کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گوادر میں بارشوں کے بعد کئی علاقے اب بھی زیرآب آگئے ہیں جبکہ مزید بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے،مسلسل بارشوں سے گھروں میں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہوگیا۔

شہریوں کا شکوہ ہے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں متاثرین کا کہنا ہے کہ بچے، خواتین اور بزرگ بھوکے، پیاسے ہیں ،3 دن سے کوئی سو نہیں سکا۔

اس کے علاوہ سول اسپتال کے سامنے پانی جمع ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے،متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں اور راشن کی تقسیم جاری  ہے۔

دوسری جانب نوکنڈی کے دلدلی علاقے میں پھنسی گاڑیاں نکالنے کیلئے لیویز اہلکار پہنچ گئے،متاثرین میں خوراک،پانی اور کمبل تقسیم کیا۔

کوئٹہ میں بھی بارش سے سڑکیں زیر آب  آگئیں جبکہ مستونگ، قلات، چاغی،چمن،قلعہ عبداللہ اورپشین سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھِی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

نگور میں بارشوں سے کھیتوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں  بند ٹوٹنے سے پانی گوادر شہر کی طرف بڑھنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گوادر میں گزشتہ دو روز کے دوران 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔