|

وقتِ اشاعت :   February 29 – 2024

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں پر ہر صورت میں عملدرآمد کو یقینی بنائے گی8فروری کو عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر جس اعتمادکا اظہارکیااس پر پورا اتریں گے ،عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے ۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، بلوچستان اسمبلی کی نومنتخب ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ ،پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے

ممبر و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مددجتک نے جمعرات کو پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی نومنتخب ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے حلف اٹھانے کے فوری بعد حاجی علی مددجتک کے ہمراہ پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کا دورہ کیاجہاں انہو ں نے پارٹی کے ورکروں سے ملاقات کی اس موقع پر پارٹی کے رہنماشاہجہان گجر ، اختر بلوچ، محی الدین رند ، مٹھا عمرانی ، ملک حمید کاکڑ ، اسد گجر ، اسرار شاہوانی ، ندا محمد ترین، جبار خلجی، علی احمد موسیانی ، چیئرمین عنایت میروانی اوردیگررہنمابھی موجودتھے۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماوں نے کہاکہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی کی بنیادپر امیدواروں کو ووٹ دیکرکامیابی دلائی اور پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے قیام سے لیکر آج تک عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے اور عوام کے حقوق پر کبھی بھی سودے بازی نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام نے جس طرح پاکستا ن پیپلز پارٹی پر اعتماد کااظہار کیاہے انشاء اللہ حکومت کے قیام کے بعد عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوںپراقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیںکارکنوں کے جائز مسائل کو فوری حل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے آج ملک میں جمہوریت پاکستان پیپلز پارٹی کی شہیدچیئرپرسن محترمہ بے نظیربھٹو کی قربانی کی بدولت ہے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کی بالادستی پر سمجھوتہ نہیں کریگی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے تعاون کریں ۔