|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2024

گوادر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ گوادر میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا بحالی کے عمل میں وفاقی حکومت نے بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے معمولات زندگی کی بحالی تک ہنگامی اقدامات جاری رہیں گے ۔

منگل کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے ہمراہ گودار کے دورہ کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ اور متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے متاثرین ہماری توجہ کا مرکز ہیں گودار کا دورہ کرنے اور متاثرین سے یکجہتی پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اشتراکی اقدامات کے ذریعے متاثرین کی بحالی کے عمل کو مختصر مدت میں مکمل کریں گی

انہوں نے کہا کہ گوادر میں حالیہ طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی وزرات اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی ترجیح گودار کے متاثرین کی مدد و بحالی رہی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گوادر کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اور پارٹی کی سئنیر قیادت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کے لئے کہا وزیر اعلٰی میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ گوادر میں غیر معمولی بارشوں کے بعد متحرک کردار ادا کرتے ہوئے

پاک فوج اور سول انتظامیہ نے موثر ریسکیو کارروائیوں کے ذریعے کئی انسانی جانیں بچائیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا شہری علاقوں سے بارشوں کے پانی کے اخراج اور مواصلاتی نظام کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت کے اعلٰی افسران کی سربراہی میں فوری ہنگامی کارروائیوں کے نتیجے میں گوادر میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں اور مکمل بحالی تک ان اقدامات کا تسلسل جاری رہے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر کے متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں مشکل کی اس گھڑی میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں

ہر متاثرہ خاندان اور آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے متاثرین کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور گوادر کے متاثرین کو دوبارہ ان کے گھروں میں آباد کیا جائے گا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی سردار محمد یعقوب ناصر ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی، اراکین صوبائی اسمبلی شعیب نوشیروانی ، مولانا ہدایت الرحمن سمیت اعلیٰ صوبائی افسران بھی موجود تھے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے جاری کارروائیوں اور اقدامات سے متعلق استفسار کیا وزیر اعلٰی نے متاثرین میں روز مرہ ضروریات کی اشیاء بھی تقسیم کیں قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کا گوادر پہنچنے پر رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی ، اور اعلٰی حکام نے استقبال کیا اس موقع پر انتظامی افسران کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو گوادر میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کارروائیوں سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔