سینیٹ کی 6 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ میں پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 4 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ایک ، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 نشستوں پر انتخاب کےلیے پولنگ جاری ہے۔ آج منتخب ہونے والے تمام 6 سینیٹرز 3 سال کی مدت کیلئے ہوں گے۔ 2021 میں منتخب سینیٹرز کے مستعفیٰ ہونے پر نشستیں خالی ہوئی تھیں۔
مستعفی ہونے والوں میں یوسف رضا گیلانی،عبدالغفور حیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمدعمر اور سرفرازبگٹی شامل ہیں۔
قومی اسمبلی ہال میں پولنگ کیلئے ظفر اقبال ریٹرننگ افسر مقرر ہیں، 311 ارکین قومی اسمبلی اسمبلی اسلام آباد کی جنرل نشست کیلئے ووٹ ڈالیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی مدمقابل ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان سے سینیٹ کی 3 خالی نشستوں کےلیے 7 امیدوار مد مقابل ہیں تاہم پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے امیدواروں کی کامیابی کے امکانات واضح ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نےسابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو،مسلم لیگ ن نے سابق وفاقی وزیردوستین ڈومکی اور جمعیت علماء اسلام نے عبدالشکور غبیزئی کو امیدوار نامزد کیا ہے،بلوچستان عوامی پارٹی کے کہدہ بابر اور مبین خلجی بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔
سندھ میں سینٹ کی2جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ جاری ہے، خفیہ رائے شماری 9 بجے سے4 بجے تک ہوگی، پیپلزپارٹی کے سیف اللہ ابڑو اور جام سیف اللہ دھاریجو امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی شازیہ سہیل اورنزیراللہ امیدوار ہیں۔