اسلام آباد/کراچی:پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔پیپلز پارٹی اعلامیے کے مطابق بلوچستان سے ایمل ولی خان پی پی پی اور اے این پی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔جان محمد بلیدی پی پی پی اور این پی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے جبکہ میر چنگیزخان جمالی اور سردارعمر گورگیج پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیکنوکریٹ نشست پر بلال مندوخیل پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے جبکہ خواتین نشستوں پر مسز عشرت بلوچ اور کرن بلوچ پیپلزپارٹی کی امیدوار ہوں گی۔ترجمان بلاول ہائوس کے مطابق سندھ سے جنرل نشستوں پرکاظم شاہ، اشرف جتوئی، مسرور احسن، ندیم بھٹو، سرفراز راجڑ اور دوست علی امیدوار ہوں گے۔سندھ سے ٹیکنوکریٹس کی نشست پر بیرسٹر ضمیر گھمرو الیکشن لڑیں گے۔
ترجمان کے مطابق سندھ سے خواتین کی نشستوں کیلئے عینی مری اور روبینہ قائم خانی امیدوار جبکہ اقلیتوں کی نشست کیلئے پونجھو بھیل امیدوار ہوں گے۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا سے روبینہ خالد اور پنجاب سے فائزہ احمدملک پی پی کی امیدوار ہوں گی جبکہ اسلام آباد سے رانا محمود الحسن پیپلز پارٹی کے سینیٹ کے لیے امیدوار ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخاب 2اپریل کو ہوں گے جس کے لیے کاغذات نامزدگی 15سے 16مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19مارچ کو ہوگی۔