|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2024

بلوچستان کے میگا منصوبوں کے ذریعے صوبے میں بڑی معاشی تبدیلی ممکن ہے، خطے میں موجود پسماندگی، محرومیوں کا خاتمہ، اندرونی سیاسی مسائل کا حل بھی خوش اسلوبی سے نکل سکتا ہے صرف سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

بلوچستان کا مسئلہ بہت دیرینہ ہے متعدد بار بلوچستان کے معاشی و سیاسی مسائل پر اسلام آباد اور بلوچستان کی قوم پرست، سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کے دور بھی ہوئے ،تلخیاں بھی پیدا ہوئیں تو کبھی مذاکرات کے ذریعے قربتیں بھی بڑھیں مگر مستقل بنیادوں پر مسائل کو ایڈریس نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے بلوچستان کا اعتماد اسلام آباد سے اٹھتا گیا ۔

جمہوری حکومتوں کا مقصد ہی دیرپا امن اور خوشحالی لانا ہے۔ جمہور کی رائے کا احترام کرتے ہوئے ان کے جائز حقوق کو تسلیم کرنا ہے تاکہ اعتماد سازی کے ذریعے مرحلہ وار اہم مسائل کو حل کی طرف لے جایا جاسکے۔ بلوچستان کے اہم مسائل میں سیاسی کشیدگی جبکہ دوسرا سر فہرست میگا منصوبوں پر بلوچستان کے جائز حقوق کا معاملہ ہے اگر ان دو معاملات کو حل کرنے کیلئے مرکز اور بلوچستان کے درمیان بات چیت کیلئے ایک سنجیدہ کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت یقینی ہو تو کوئی یقیناکوئی راستہ نکل آئے گا اور بلوچستان میں موجود سیاسی مسائل بھی حل کی طرف بڑھیں گے۔

بلوچستان کے میگا منصوبوں پر معاہدوں سمیت حاصل ہونے والی آمدن پر بلوچستان کو اعتماد میں لیا جائے ناکہ مرکز خود فریق بن کر کمپنیوں کے ساتھ معاملات کو ڈیل کرے جو غلط تاثر جانے کے ساتھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جائے گا جو مستقل مسائل کا سبب بنتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ نئی حکومت بلوچستان کو ترجیحات میں رکھے خاص کر بلوچستان کی نئی حکومت کو ہر اہم فیصلے میں شامل کرتے ہوئے اعتماد میں لے تاکہ بلوچستان حکومت مرکز کے ساتھ بہترین روابط کے ساتھ کام کرے، یہی بلوچستان حکومت ہی سیاسی و معاشی مسائل کے حل کے حوالے سے دیگر اسٹیک ہولڈرز اور مرکز کے درمیان پل کا کردار بہتر انداز میں ادا کرسکتی ہے۔ ملک اس وقت بہت سارے چیلنجز اور بحرانات کا سامنا کررہا ہے اس سے نکلنے کیلئے اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنا ناگزیر ہے جو ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مرکز کی جانب سے ماضی کے رویوں پر نظر ثانی اور تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ہر مسئلے کاحل موجود ہے بشرطیکہ سنجیدگی کے ساتھ تمام معاملات کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تو یہی بلوچستان ملکی معاشی بحران کے خاتمے کا اہم کردار بن سکتا ہے۔