|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کابینہ کو دیے گئے اہداف پر جواب طلب کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم کی زیرِصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 5 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ججز کے خط کا معاملہ زیر غور آئے گا اور الزامات کی انکوائری کے لیے کمیشن کے قیام کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں مالی سال 24-2023 کے وسط مدتی بجٹ رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، مالی سال 22-2021 کی مشترکہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی فنانشل اسٹیٹمنٹ بھی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کی سالانہ رپورٹس کا جائزہ بھی لیا جائے گا، وزیراعظم مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کو اہم اہداف سونپیں گے۔