|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2024

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بحالی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، پرنسیپل سیکرٹری عمران زرکون، اسپیشل سیکرٹری اسفندیار بلوچ، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند و دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی

اجلاس میں آئی ایف آر اے پی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اسفندیار کاکڑ نے بریفنگ دیتے ہوئے بحالی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہی دی وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے بحالی منصوبوں کی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب متاثرین کی بحالی میں غیر معمولی تاخیر کی گئی جس سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوا باعث افسوس امر ہے

کہ سیلاب متاثرین کی اکثریت اب بھی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہے ہمیں ان کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہوگا بحالی منصوبوں میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں تمام امور کو جلد نمٹاتے ہوئے سیلاب متاثرہ علاقوں میں رہائشی و مواصلاتی منصوبوں سمیت مجوزہ بحالی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ تجویز کردہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے پی ڈی ایم اے بلوچستان کو بھی شامل مشاورت رکھا جائے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ذاتی طور پر تمام امور کی نگرانی کو یقینی بنائیں