|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2024

تربت: نیشنل پارٹی کے سربراہ نومنتخب رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک نے جمعرات کو پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ تربت پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو میں ان کے مسائل اور پریس کلب کے مشکلات معلوم کرکے تربت پریس کلب کے لیے نئی عمارت کی منظوری حاصل کرنے میں اپنی کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پارٹی کے سنیئر رہنما شکیل احمد ایڈووکیٹ، ناظم الدین ایڈووکیٹ، ضلعی صدر مشکور انور ایڈووکیٹ، میئر تربت بلخ شیر قاضی، قاسم گاجیزی ایڈووکیٹ، ملا برکت، حاجی شوکت دشتی، انور اسلم،جمال شکیل، چیف رحیم بخش، رئیس قادر بخش، نعیم عادل، چیرمین گھرام اسلم و دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر مالک نے کہا کہ ان کی اولین کوشش کیچ میں تمام پبلک اور انتظامی اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہے، پچھلے ہفتوں سے تمام اداروں کا دورہ اور ان کے زیر نگران امور کا معائنہ کیا، گذشتہ روز ٹیچنگ ہسپتال تربت میں جاکر ہسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے ایم ایس سے بریفنگ لی مگر افسوس ہے کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران بیشتر ادارے غیر فعال اور غیر منظم بنادیے گئے ٹیچنگ ہسپتال کی حالت اتنی اچھی نہیں البتہ ڈاکٹروں کی پرعزم ٹیم موجود ہے ہم نے انہیں ہسپتال کی بھتری کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر مالک نے کہا کہ تربت پریس کلب کو نئی عمارت دینے اور اسے جدیدیت سے ہمکنار بنانے کے لیے وہ اپنی طرف سے ہر کوشش بروے کار لائیں گے، تربت پریس کلب کی موجودہ عمارت کافی نہیں اس میں توسیع اور اسے ایک بھترین عمارت دینے کے لیے قریب ہی ڈسٹرکٹ کونسل کے سابقہ ہال کو کارآمد بنانے کے علاوہ میونسپل کارپوریشن کے پاس اردگرد موجود زمینوں کو پریس کلب میں ضم کرکے اس کو ایک نئی اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ پریس کلب بنائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے صحافیوں اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ اسپورٹ کلب اور ڈسٹرکٹ کونسل کا بھی معائنہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *