|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2024

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہِ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ ایرانی وفد میں وزیرِ خارجہ، کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کے علاوہ بڑا تجارتی وفد بھی ہو گا۔

ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں تجارت، رابطے، توانائی اور زراعت سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔ ملاقاتوں میں عوامی سطح پر رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا ایجنڈا بھی شامل ہے۔

علاوہ ازیں دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے

 

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر دورۂ پاکستان کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی جائیں گے۔