|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2024

گوادر:وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ، ایڈیشنل سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کے ہمراہ تین روزہ اہم دورے پر گوادر پہنچ گئے۔ گوادر آمد پر چئیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی، چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او مسٹر یو بو، جی پی اے اور چین کے دیگر معزز عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔ گوادر میں وفاقی وزیر نے اپنے تین دورہ دورے کے موقع پر پہلا دن بہت مصروف گزارا، جس کا آغاز جی پی اے ہیڈ آفس میں وزیر میری ٹائم کی زیر صدارت اجلاس سے ہوا،

جہاں چینی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے سینئر حکام نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین گوادر پورٹ پسند خان بلیدی نے گوادر پورٹ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں مختصراً بریفنگ دی، جس کے بعد چیئرمین چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے بندرگاہ کے آپریشنز اور حالیہ پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے فری زون کا بھی دورہ کیا، جس میں نئے تعمیر شدہ 12 lلاکھ گیلن یومیہ پانی سپلائی کرنے والے ڈی سیلینیشن پلانٹ کا دورہ بھی شامل ہے۔ وفاقی وزیر برائے سمندری امور نے گوادر اور اس سے منسلک میگا پروجیکٹس میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر مستقبل قریب میں نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا جس کے باعث عوامی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندری امور نے ہدایت کی کہ مقامی ماہی گیروں کو ٹرالر مافیا سے متعلق درپیش شکایات کے حل کے لئے فوراً عملی اقدامات اٹھائے جائے تاکہ اس پیشہ سے وابستہ غریب اور مقامی ماہی گیروں کی داد رسی ہوسکے