|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2024

خضدار:عالمی یوم صحافت پر خضدار کے صحافی ایک بار پھر لہو لہان ہوگئے،پریس کلب کے صدر بم حملے میں شہید،دو راہگیر بھائی بھی زد میں آکر جاں بحق ہو گئے،9 افراد زخمی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی،مولانا محمد صدیق مینگل کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی صحافیوں سیاسی کارکنان سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے پولیس کے مطابق خضدار پریس کلب کے صدر و سینئر صحافی مولانا محمد صدیق مینگل جمعہ کے روز قومی شاہراہ سے گزر رہے تھے

کہ ان کی گاڑی کو میگنٹ بم سے نشانہ بنایا گیا میگنٹ بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں مولانا محمد صدیق مینگل موقع پر شہید ہو گئے جبکہ نو دیگر افراد دھماکے کی زد پر آکر زخمی ہو گئے دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے نعش اور زخمیوں کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار و ٹراما سینٹر خضدار منتقل کر دیا گیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہسپتال میں دوران علاج دو زخمی جو آپس میں بھائی تھے جن میں محمد وارث اور محمد کریم پسران کریم بخش ساکنان خضدار بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے زخمیوں میں ثناء اللہ،سجاد احمد،شاہ جہاں،دیدار،ذاکر علی اور دیگر شامل ہیں پریس کلب کے صدر ،مولانا صدیق مینگل کی شہادت کی خبر ملتے ہی صحافیوں سیاسی کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد ٹراما سینٹر خضدار پہنچ گئے مولانا محمد صدیق مینگل خضدار پریس کلب کے تیسرے صدر تھے

جو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے اس سے قبل خضدار پریس کلب کے دو صدور محمد خان ساسولی اور فیض الدین ساسولی بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنکر شہید ہو گئے ہیں اس کے علاوہ گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران خضدار کے مجموعی طور نو صحافی مختلف حملوں میں شہید ہو چکے ہیں دریں اثناء￿ خضدار پریس کلب کے صدر و سینئر صحافی مولانا محمد صدیق مینگل کومقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا نماز جنازہ سابق رکن قومی اسمبلی و جمعیت علماء￿ اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا سید محمود شاہ نے پڑھائی نماز جنازہ میں ایم پی اے میر یونس عزیز زہری،ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر محمد اقبال مینگل،سابق سینیٹر مولانا فیض محمد سمانی سمیت اعلی آفسران،قبائلی شخصیات،صحافی برادری،سیاسی کارکنان،مختلف سیاسی جماعتوں کے علاقائی و مرکزی عہدیداران اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی دوسری جانب خضدار پریس کلب کے ترجمان کے جاری کردہ بیان میں پریس کلب کے صدر سینئر صحافی مولانا محمد صدیق مینگل کو شہید کرنے کی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے

کہ خضدار پریس کلب کے صحافی ہمیشہ غیر جانبدارانہ بنیادوں پر صحافت کر تے آ رہے ہیں تمام طبقات کو یکساں اہمیت دی جاتی رہی ہے اس کے باوجود خضدار کے صحافیوں کو نشانہ بنانا یقینا ہمارے لئے انتہائی رنج وتکلیف اور دکھ کی بات ہے خضدار پریس کلب شہید مولانا محمد صدیق مینگل کی شہادت کے خلاف تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ مولانا محمد صدیق مینگل کی شہادت میں ملوث حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے