|

وقتِ اشاعت :   May 5 – 2024

کوئٹہ:تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ایک وفد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارت وال ڈاکٹر حامد خان اچکزئی تحریک انصاف کے صوبائی صدر داد شاہ کاکڑ جہانگیر رند اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما موسی بلوچ نے چمن کا دورہ کیا

اور گذشتہ روز چمن دھرنے میں ایف سی کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان کے ورثا سے تعزیت کی اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔انہوں نے اس موقع پر دھرنا کمیٹی سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرحیم زیارت وال نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان آپ کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے ہم مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہیں۔ 6 مئی کو کوئٹہ میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیرِ اہتمام چمن دھرنے کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جمہوری نظام میں پر امن احتجاج عوام کا بنیادی حق تسلیم کیا جاتا ہے چمن دھرنے کے شرکا گذشتہ 7 ماہ سے پر امن دھرنا دے کر بیٹھے ہیں مگر کوئی ان کی بات سننے کے لئے تیار نہیں ہے۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داد شاہ کاکڑ نے کہا کہ فارم 47کے جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

آئین پاکستان کے شہریوں کے جو حقوق متعین کئے ہیں انہیں پامال کیا جا رہا ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسی بلوچ نے کہا کہ نہتے شہریوں پر فائرنگ کر کے چمن کے عوام کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *