|

وقتِ اشاعت :   June 23 – 2024

کوئٹہ:  بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم خضدار، لسبیلہ، بارکھان، ژوب،شیرانی ، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، نصیر آباد،جفر آباد، جھل مگسی ، جعفرآباداور ڈیرہ بگٹی میں آندھی وجھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش ہوئی ۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج پیر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گاجبکہ خضدار، لسبیلہ، بارکھان، ژوب،شیرانی ، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، نصیر آباد،جفر آباد، جھل مگسی ، جعفرآباداور ڈیرہ بگٹی میں آندھی ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے مون سون میں زیادہ بارشوں کے امکان کے پیشِ نظر ہنگامی منصوبہ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں رواں سال مون سون کی بارشیں جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال مون سون کی زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ لسبیلہ، نصیر آباد، مکران ڈویژن میں مون سون بارشوں سے نقصانات کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام نے ان اضلاع میں 800 خاندانوں کے لیے امدادی سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے، نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔