|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2024

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ورلڈ اینوائرونمنٹ ڈے کی مناسبت سے پاکستان پاورٹی ایولیوایشن فندز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فطرت کی حفاظت ہی ہماری اپنی حفاظت ہے

ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر ملک اور صوبے میں حیاتیاتی تنوع اور آنے والی نسلوں کیلئے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے کوئٹہ شہر میں پانی کی گرتی ہوئی سطح اور پورے صوبے میں بارشوں کے فقدان کے باعث ہریالی، حیوانات اور پرندوں کو بھی نقصانات پہنچ رہے ہیں۔

ورلڈ اینوائرونمنٹ ڈے کی مناسبت سے تحفظ ماحولیات تقریب پی پی اے ایف، سی پی ڈی کے ذمہ داران، وائس چانسلرز اور اینوائرونمنٹ ریسرچرز سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک تعداد موجود تھی.

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے گورنر ہاؤس کوئٹہ کی شاندار کارکردگی سے آپ سب کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں جس میں پچھلے تقریباً ڈیڑھ سو سال سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہزاروں درختوں، پودوں اور پرندوں کے تحفظ کیلئے ہم خصوصی اقدامات کرتے آ رہے ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں اگر خاندان کے دس افراد کے نام پر صرف ایک درخت بھی لگائیں تو ہر سال باقاعدہ کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں تین سے چار لاکھ درختوں کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین اینڈ کلین بلوچستان کی خاطر صوبے میں زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے نئے پودوں کی آبیاری کے ساتھ ساتھ پرانے درختوں کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین لائیو سٹاک کیلئے زیادہ سودمند ہے اور مالداری سے ہماری کل آبادی کے ایک حصے کی روزی روٹی لائیو سٹاک سے وابستہ ہے لیکن پچھلے کئی عشروں سے بارشوں کی کمی اور خشک سالی کی وجہ سے مجموعی طور پر لائیو سٹاک کو بہت نقصان پہنچا ہے.

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں پورے سیارہ زمین کے اوسط درجہ حرارت میں بتدریج اضافے اور رونما ہونے والے نقصاندہ پہلوؤں کی بڑی ذمہ داریاں ترقی یافتہ صعنتی ممالک پر عائد ہوتی ہیں لیکن ان کے منفی اثرات دنیابھر کے ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں. انہوں علماء کرام، میڈیا پرسنز اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ بھرپور عوامی شعور و آگہی کیلئے کردار ادا کریں آخر میں گورنر بلوچستان نے اینوائرونمنٹ ایکسپرٹس، مقررین اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کئے۔