|

وقتِ اشاعت :   3 days پہلے

کوئٹہ: صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب آمریت پسند قوتوں نے شب خون مارتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زیر قیادت منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں مارشل لا نافذ کرتے ہوئے قومی و صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کردیا تھا،

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا خاتمہ پاکستان کے عوام جمہوریت اور جمہوری اداروں پر ایک حملہ تھا اور کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود قوم مارشل لا کا خمیازہ تاحال بھگت رہی ہے، میر صادق عمرانی نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ریاست میں جمہوریت، جمہوری اقدار اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے جو عظیم قربانی دی تھی آج ملک میں اگر جمہوری طرزِ حکومت نظر آرہی ہے

یہ سب پاکستان پیپلز پارٹی کے شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے ملک کو ایٹمی طاقت بننے کی راہ پر گامزن کیا اور آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان پوری مسلم دنیا میں واحد ایٹمی ملک ہے،

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے امت مسلمہ کو متحد کیا لیکن آمرانہ سوچ کے حامل قوتوں نے جمہوری حکومت ختم کرکے ملک میں عدم رواداری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے جو بیج بوئے جس سے پورا ملک عدم استحکام کا شکار ہوا،

میر محمد صادق عمرانی نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ اقتدار عوام کو دے دیا جائے ورنہ سب کچھ ختم ہو جائے گا لہذا آج اگر ہم بحیثیت شہید بھٹو کے پیروکار ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اورامن و امان کی بحالی کوششیں جاری رکھیں گے تو ہمارا ملک امن و خوشحالی کا گہوارہ بن جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *