کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ خون عطیہ کرنے سے انسانی صحت میں بہتری آتی ہے،
لوگوں کو چاہیے کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے خون کے عطیات دیں۔یہ بات انہوں نے بلوچستان پیس فورم اور پشتونخوا بلڈ بینک کے اشتراک سے سراوان ہاوس میں ایک روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کے اختتام پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
قبل ازیں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی نگرانی میں قائم بلڈڈونیشن کیمپ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرائے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ ہم نے بلڈڈونیشن کیمپ کی ابتداء کورونا وباء کے دوران کی تھی،
اس وقت وباء کے باعث لوگ خون کے عطیات جمع کرانے کیلئے اسپتال جانے سے کترا رہے تھے اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کے عطیات کی اشد ضرورت تھی اس مقصد کیلئے سراوان ہاوس میں بلڈڈونیشن کیمپ قائم کرکے تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرائے تھے،
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مستونگ سے ایک شخص میرئے پاس آیا اس کے تین بچے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا تھے جن کو خون کی ضرورت تھی اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے پشتونخوا بلڈ بینک سے رابطہ کیا اور خواہش ظاہر کی کہ بلوچستان پیس فورم اور پشتونخوا بلڈ بینک کے اشتراک سے بلڈڈونیشن کیمپ قائم کیا جائے تاکہ ہم مل کر ضرورت مندوں تک خون پہنچاسکیں ،
انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنے سے انسانی صحت میں بہتری آتی ہے لوگوں کو چاہیے کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے خون کے عطیات دیں۔ اس موقع پر پشتونخوا بلڈ بینک کے سربراہ صالح محمد نے کہا کہ کیمپ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے آکر خون کے عطیات جمع کرائے جو تھیلیسیمیا کے مریضوں کو فراہم کیے جائیں گے،
معروف اداکارہ ایوب کھوسہ نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے بڑی تعداد میں خون کے عطیات جمع کرائے اس طرح کے بلڈ ڈونیشن کیمپس بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی قائم کئے جانے چاہیں،معروف ڈرامہ نگار و مصنف ڈاکٹر تاج رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان پیس فورم نے بلڈ ڈونیشن کیمپ قائم کرکے احسن قدم اٹھایا ہے اس طرح کی سرگرمیاں زندہ معاشرے کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔