کراچی:کراچی ڈیفنس کے علاقے خیابان نشاط میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ تصادم کے باعث نواب اکبر خان بگٹی کے بھتیجے اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بگٹی کے بیٹے فہد بگٹی سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بگٹی قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت میر محسم بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی، علی بگٹی، فہد بگٹی اور نصیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں میر علی حیدر بگٹی اور قائم علی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ بگٹی قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان ہوا جس کی تاحال وجہ سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے، قانون کی رٹ کے قیام کے لیئے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلح تصادم میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔ کسی کو بھی ہر گز اجازت نہیں کہ وہ شہر میں قیام امن جیسے اقدامات کو نقصان پہنچائیں۔