حب: حب ڈیم میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں 3 فٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈیم کی سطح 323 فٹ سے بڑھ کر 326 فٹ تک پہنچ گئی ہے مقامی ذرائع کے مطابق،
دریجی اور سارونہ کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئی ہیں جس کے باعث حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔
آج دریجی کے مختلف مقامات پر بھی شدید بارشیں ہوئیں، جس کی وجہ سے مزید سیلابی ریلے حب ڈیم کی طرف رواں دواں ہیں حب ڈیم انتظامیہ کے مطابق، پانی کی سطح میں اضافے کے بعد ڈیم کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں اگر بارشیں اسی شدت سے جاری رہیں تو ڈیم میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے علاقے کے کسانوں اور عوام نے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافے پر خوشی کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس سے زرعی سرگرمیوں اور پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
مقامی حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ سیلابی صورتحال میں کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔