|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2024

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سماجی انصاف، یکساں ترقی اور برابری ہماری سیاست کا محور و مرکز ہے جن کے نفاذ سے معاشرے میں پائی جانے والی معاشی و معاشرتی عدم مساوات کو دور کرنے کیلئے راہ ہموار ہو جاتی ہے.

ہم عدل و انصاف اور مساوات پر مبنی ایسے معاشرے کیلئے شعوری کوشش کرتے ہیں جہاں ہر کسی کو تعلیم، صحت، صاف پانی اور اقتصادی مواقعوں تک رسائی حاصل ہو۔ عوامی حقوق و اختیارات کی پاسداری کی خاطر تمام سیاسی تنظیموں کو ایک مترقی،

انصاف پسند اور مساوی معاشرے کے قیام کیلئے متحد ہونا ضروری ہے تاکہ جمہوری اقدار کی پاسداری اور ترقیاتی منصوبوں سے تمام شہریوں کو یکساں طور پر مستفید ہونے روشن امکانات یقینی ہو سکیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں جمعہ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی، پارلیمانی سیکرٹری برکت علی، اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نواز کبزئی، ڈاکٹر رحمت صالح بلوچ اور شیخ زاہد جان مندوخیل سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جمہوری اقدار ہی ہمارے معاشرے کی بنیاد ہیں جو بنیادی آزادی، مساوات اور احتساب کو یقینی بناتی ہیں۔ ہمیں ان شاندار اقدار و روایت کو برقرار رکھنا چاہیے جن سے ہمیں رنگ، نسل اور عقیدہ سے بالاتر ہونے اور معاشرے کے ہر فرد کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کی جانب مائل کرتی ہیں.

انہوں نے تمام صاحب واک واختیار پر زور دیا کہ آئیے مل کر ایک روشن مستقبل کی تعمیر کریں، جس کی بنیاد جمہوری اقدار، سماجی انصاف اور عوام دوست فیصلوں پر رکھی گئی ہے۔ ایک ایسا مستقبل جہاں سب یکساں سہولیات و مواقعوں سے مستفید ہو کر ترقی کر سکیں اور کوئی بھی شخص زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہے۔