|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2024

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری،نشیبی علاقوں میں طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ، بارکھان، موسیٰ خیل، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، زیارت، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، خضدار، لسبیلہ، مکران، آواران اورپنجگورمیں تیز ہواؤں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں پر موسلادھار شدیدبارش جاری رہی۔

اس دوران بارکھان 04اورقلات میں 03ملی میٹر بارش ریکارڈہوئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوہلو اور سبی کو ملانیوالی سڑک،ہرنائی کوئٹہ شاہراہ زردآلو کے مقام جبکہ خضدار تا رتو ڈیرو ایم 8 شاہراہ ونگو کے مقام پر سیلابی ریلوں کے باعث بند ہوگئی تھیں جنہیں متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے بحال کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اتوار کو خضدار، لسبیلہ، مکران، آواران، پنجگور، بارکھان، موسیٰ خیل، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جھل مگسی،جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، زیارت، ژوب، گوادر، پسنی، اورماڑہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اورقلات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں پر موسلادھار شدیدبارش کا امکان ہے۔

بارشوں کے باعث خضدار، بارکھان، لسبیلہ، ژوب، لورالائی، سبی، ہرنائی، آواران، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، نصیر آباد، موسیٰ خیل اور جعفر آباد میں مقامی / بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ جمعہ کو ہونے والے تیز بارشوں کے باعث کوہلو کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے تین واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں ایک خاتون زخمی بھی ہوئی ہے۔

شدید بارشوں سے کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ تحصیل ماوند میں شدید بارشوں کے باعث کوہلو سبی قومی شاہراہ گرانڈ وڈھ اور سوناری کے مقامات پر سیلابی ریلوں میں بہہ جانے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت کے لئے مکمل طور پر بند ہے۔قومی شاہراہ کی بندش سے کوہلو کا سبی کوئٹہ اور اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔

لیویز حکام کے مطابق لیویز کے اہلکاروں کی جانب سے سڑک کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاہم بھاری مشینری نہ ہونے کے باعث شاہراہ کی بحالی میں مشکلات درپیش ہیں۔

جھل مگسی میں جاری بارش کے باعث دریائے مولہ بپھر گیاگزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث دریائے مولہ بپھر گیایوسی کوٹڑہ کے مقام پر مولہ ندی سے نچلے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے سیلابی ریلے میں موٹرسائیکل سوار تین افراد پھنس گئے سیلابی ریلہ گزرنے سے یونین کونسل کھاری اور پتری کا گنداواہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا یوسی کھاری اور پتری کے مکین محصور ہو کر رہ گئے تحصیل گنداواہ اور قریبی علاقوں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 7 جون سے اب تک جاری مون سون بارشوں کے سبب آسمانی بجلی، چھت اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ32 افراد زخمی ہوئے ہیں،زخمیوں میں 3 خواتین اور 10 بچے بھی شامل ہیں،

ڈیرہ بگٹی میں 2 افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوئے ہیں،بلوچستان میں سیلابی صورتحال سے 263 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 91 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے، طوفانی بارشوں سے 312 ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور 19 کلو میٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 106 مویشی مر گئے ہیں۔