|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2024

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا طاقتور سلسلہ جاری ، صوبے کے مختلف اضلاع میںسیلابی ریلوں سے رابطہ سڑکیں بہہ گئیں، صوبے میں دفعہ 144نافذ کر کے تفریحی مقامات کو بند کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو خضدار، لسبیلہ،آواران ، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، مستونگ، سبی، لورالائی ، نصیر آباد، جھل مگسی ،جعفرآباد،ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ،چمن، زیارت،قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، پسنی، جیوانی، گوادر،اورماڑہ ،تربت اور پنجگورمیں تیز ہواوںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا کا سلسلہ جاری رہا ۔ اس دوران خضدار میں 21، لسبیلہ 20، پنجگور 6، بارکھان میں 5، قلات میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیداہوگئی ۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جھل مگسی میں سگری پل کو سیلابی ریلے سے نقصان پہنچا جس سے گنداوا سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا

،اسی طرح گوٹھ علی مردان میں حفاظی بند ٹو ٹ گیا ہتھیاری نالے میں طغیانی کے باعث ہتھیاری جھل مگسی روڈجبکہ جھل مگسی میں ایم 8شاہراہ بھی متاثر ہوئی ، آوران کی تحصیل جھائو میں لک پاس روڈ سیلابی ریلے کے باعث بند ہوگیا ، ضلع صحبت پور میںمانجوٹی شاخ ، آر ڈی 45،آر ڈی 46،آر ڈی 68، آر ڈی 6+100، آرڈی 56، آر ڈی 85، آر ڈی 8+400 کنرانی محلہ ،شاہی واہ، راشد واہی کے مقام پر سیلاب سے پانی بندات میں شگاف پڑ گئے ۔اوستہ محمد میں سیلابی پانی شہر میں داخل ہوگیا جسے نکالنے کا کام شروع کردیا گیا ِ۔

ضلع کچھی میں بارش کے باعث تحصیل بھاگ میں سیلابی ریلے سے کچے مکانات اور سرکاری سکول کی دیواروں کو نقصان پہنچا ،دوسری جانب سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے پکنگ مقامات پر دفعہ144نافذ کر کے سیاح کے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو خضدار، لسبیلہ،آواران ، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، مستونگ، سبی، لورالائی ، نصیر آباد، جھل مگسی ،جعفرآباد،ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، زیارت، قلات، تربت اور پنجگورمیں تیز ہوائوںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔