کوئٹہ : پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت لہڑی،پارلیمانی سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ بابو غلام رسول عمرانی ،اقلیتی امور کے پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار ،رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز،پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنادر گل بڑیچ،ڈاکٹر حیات جمالی،نورمینگل ،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ڈاکٹر ناشناس لہڑی،ثناء درانی ،شمائلہ اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان 30ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنرسکھا کر روزگار کیلئے بیرون ملک بھیج رہی ہے
بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے حکومت انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لارنے کیلئے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لارہی ہے ،
بلوچستان میں خواتین کو جتنی آزادی حاصل ہے وہ کسی اور صوبے میں حاصل نہیں ہے صوبے میں خواتین کو بڑی عزت اوراحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو بوائے سکاوٹس ہیڈکوارٹر میں یوتھ اسکل ڈے کے حوالے سے پی پی اے ایف کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے جنہیں روزگار کی فراہمی سب سے بڑاس مسئلہ ہے حکومت بلوچستان نے 30ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنرسکھاکر آئندہ چند ماہ میں بیرون ملک روزگار کیلئے بھیجے گی جبکہ 20ہزار نوجوانوں کو ہنرسکھاکر مختلف پرائیویٹ اداروں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں روایتی تعلیم سے نکل کر تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے تاکہ نوجوان پڑھ لیکر اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جنہیں کا صحیح استعمال کرکے ملک اور صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے مختلف پروگرامزپر غور کر رہی ہے ،صوبے میں نوجوانوں کوبی ٹیوٹا میں مختلف ہنرزسکھائے جارہے ہیں بی ٹیوٹا پہلے فعال نہیں تھا جس پرڈی جی تبدیل کرکے طارق مینگل کو ڈی جی تعینات کیا ہے جنہوں نے بی ٹیوٹا کو مکمل فعال کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی ٹیوٹا میں 70پوسٹیں جلد ہی تشہیر کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو جتنی آزادی حاصل ہے وہ ملک کے کسی بھی دوسرے صوبے میں حاصل نہیں ہے بلوچستان میں خواتین کو عزت اوراحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں خواتین کو مختلف ہنرسکھانے کیلئے مزید اسکل سینٹرز کھولے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرانہیں مناسب مواقعوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے تو وہ صوبے کا نام روشن کرسکتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پرپارلیمانی سیکرٹری میرلیاقت لہڑی،باباغلام رسول عمرانی ،کلثوم نیاز ،نادر گل بڑیچ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شیلڈ تقسیم کیں۔