|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2024

مستونگ : بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علا قے کھڈ کو چہ میں مسلح افراد کی فا ئرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل چیئر مین پنجگوراور ان کے ایک ساتھی زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر پنجگو رسے کوئٹہ کی جانب جارہے تھے

جب انہیں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مستونگ کے نواحی علاقے کھڈ کوچہ میں کنڈ عمرانی کے مقام پر نشانہ بنایاگیا

ڈپٹی کمشنر مستونگ سید سمیع اللہ آغا نے فائرنگ کے واقعہ میں 3افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتا یا کہ زخمیوں میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر جان، ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور کے چیئرمین مالک جان بلوچ بھی شامل ہیں نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال کے ترجمان اویس کاسی کے مطابق ڈپٹی کمشنرپنجگور شدید زخمی ہوئے تھے

جنہیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے لیویز کنٹرول مستونگ کے مطابق زخمی ہونے والے تیسرے شخص کی شناخت احمد جان کے نام سے ہوئی ہے

جو ڈسٹرکٹ چیئرمین کے ساتھی بتائے جاتے ہیں زخمیوں کو مستونگ کے نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے

بتایا جا رہا ہے کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین ڈسٹرکٹ کو نسل پنجگور مالک جان اور ان کے ساتھی کی حالت خطرے سے باہر ہے دونوں کو ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں۔

لیویز کے مطابق حملے کی وجہ اور حملہ آوروں سے متعلق اب تک کچھ معلوم نہیں۔

علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی رحلت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے،

یہاں جاری ایک بیان میںوزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مستونگ کے قریب پیش آنے والا دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے،

جنہوں نے مختلف ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں شہید سول سروس کا ابھرتا ہوا درخشاں ستارہ تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا،

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی جبکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔