|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2024

کوئٹہ : کوئٹہ ، نوشکی اور پسنی میں بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر متعدد دستی بم دھماکے ایک شخص جاں بحق جبکہ بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق بدھ کی شب کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر قائم ہوٹل سمیت اسٹیشن کے اطراف میں دو دستی بم کے دھماکے ہوئے جس کے نتیجے سراج نامی شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ بچوں سمیت پانچ افرادزخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق دھماکے اس وقت ہوئے جب اسٹیشن پر شہریوں کی بڑی تعداد چراغاں دیکھنے کے لئے موجود تھی جبکہ دھماکوں کے وقت جعفر ایکسپریس ٹرین بھی اسی وقت اسٹیشن پہنچی تھی ۔۔ دریں اثناء نوشکی میں سیکورٹی فورسز پر دستی بم حملہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

لیویز حکام کے مطابق بدھ کو نوشکی کے علاقے غریب آباد میں نامعلوم افراد نے سیکورٹی فورسز پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ دھماکے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

علاوہ ازیں پسنی میں کریکر دھماکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پو لیس کے مطابق پسنی کے علا قے میں بند اسکول کی چار دیواری کے اندر کریکر کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کی بھا ری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علا قے کو گھیرے میں لینے کے بعد شواہد اکھٹے مزید تحقیقات شروع کر دی۔

کوئٹہ میںایک اور واقعے میں نامعلوم افراد سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دستی بم پھینک کرفرار ہوگئے۔ بدھ کی رات کوئٹہ کے علاقے اخترآباد میں نامعلوم افراد نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پردستی بم پھینکا جوزوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

دھماکوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔