کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے پاک افغان بارڈ ایریا چمن میں لغڑیوں کے پاسپورٹ کے تمام تر اخراجات کی ادائیگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے یہ اقدام مقامی سطح پر تجارتی آمد و رفت کو سہل و قانونی بنانے کے لئے اٹھایا ہے،
ترجمان بلوچستان حکومت نے بدھ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے چمن کے مقامی لوگوں کے مطالبے اور غریب افراد کی کاروباری و خاندانی تعلق داریوں میں میل جول میں آسانی کے لئے پاسپورٹ کے اخراجات صوبائی سطح پر برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اور اس فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ صوبائی حکومت کو پاک افغان بارڈ ایریا کے مقامی افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے جس کے تناظر میں لغڑیوں کے پاسپورٹ کے اخراجات صوبائی حکومت نے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر فوری طورعمل درآمدشروع کردیا گیاہے، اس اقدام کا مقصد قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ لغڑیوں کے لئے آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کرنا ہے، ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ چمن ایریا کے لغڑیوں کو اس حکومتی اقدام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے
فوری طور پر مقامی پاسپورٹ آفس سے رجوع کرکے پاسپورٹ کے حصول کے لیے ضروری کارروائی پوری کرنی چاہیے تاکہ ان کو پاسپورٹ کا اجراء کیا جاسکے۔