ہرنائی: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام ہرنائی میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار پربعنوان”ملک کے انتشار کی سیاسی وآئینی تاریخ،
حالیہ ہمہ جہت بحرانوں سے نجات وحقیقی آزادی اور پاکستان کے مستقبل“کے تحت سیمینار زیر صدار ت پشتونخوامیپ کے قائمقام ضلع سیکرٹری عنایت اللہ ترین منعقد ہوا۔
سیمینار سے پی ٹی آئی کے ضلعی سینئر نائب صدر ذاکر ترین، پشتونخوا میپ کے ضلع کمیٹی ممبر ملک اموجان ترین، پی ٹی آئی تحصیل شاہرگ کے صدر فاروق شاہ ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہمہ جہت بحرانوں سے نجات کیلئے تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی تجاویز پیش کرچکی ہیں
اور ان تجاویز پر عملدرآمد سے ہی نہ صرف ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے بلکہ عوام کو بیروزگاری، مہنگائی سے بھی نجات ممکن ہوگی۔
آج اس صوبے بالخصوص ضلع ہرنائی میں امن وامان کی صورتحال ہمارے عوام کے سامنے ہیں، کوئی بھی شہری محفوظ نہیں، چوری، ڈکیتی کی وارداتیں، دہشتگردی کے واقعات کا تسلسل سے جاری رہنا سیکورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دن دہاڑے مسلح عناصر لوگوں کے مائنز میں موجود املاک، ٹرانسپورٹ کی کروڑوں روپے کی گاڑیوں کو نذر آتش کردیتے ہیں اور فرار ہوجاتے ہیں لیکن ان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔
مقررین نے کہا کہ فارم 47کے جعلی نمائندے کی کارکردگی صرف پرسنٹیج تک محدود ہے، عوامی خدمت پر مامور اداروں کو کھوکھلا کرکے وہاں کرپشن وکمیشن کا رواج قائم کردیا گیا ہے۔ ضلع ہرنائی اس وقت مسائلستان بن چکا ہے، تعلیم، صحت، مواصلات، روزگار، آبنوشی، زراعت سمیت ہر شعبہ زندگی تباہی سے دوچار ہیں جس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اپنی کامیابی کا اعلان ڈی آر او کے دفتر میں فون کے ذریعے کروانا چاہتے تھے۔