تربت: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مستونگ میں شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی تربت میں واقع رہائش گاہ آمد،
آئی جی فرنٹیئر کور ساوتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز خان بھی ان کے ہمراہ تھے وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے والد کنر بلوچ، بھائیوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے والد کو دلاسہ دیا اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے خاندان کے لئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کااعلان کیا اور شہید کے والد کو پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر بھی دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے شہید کے والد کو خصوصی تعزیتی پیغام پہنچایا. انہوں نے کہا کہ یہ کسی کی جان کا نعم البدل نہیں بلکہ شہید ذاکر بلوچ کے خاندان کی دیکھ بھال کے لئے حقیر سی کاوش ہے۔ شہید ذاکر بلوچ کی فیملی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
آپ جیسے حوصلہ مند والد پر ہمیں فخر ہے جنہوں نے تمام بیٹوں کو اعلی تعلیم دلوائی۔
شہید بیٹے کے والد کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ ایک فرض شناس، محنتی اور بہادر افسر تھے۔ ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ یاد رہیں گے۔
فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اس موقع پر آر پی او گوارد، ڈپٹی کمشنر، اعلی سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔