کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ملک وصوبے میں اچھی طرز حکمرانی اور مضبوط انتظامیہ کیلئے ڈھانچہ جاتی فریم ورک فراہم کرنے میں ہمارے ادارے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں
لیکن ایک کمزور اور لاغر ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ اعلیٰ کارکردگی اور باوقار مستقبل کی توقعات نہیں رکھی جا سکتی کیونکہ تجربہ سے ثابت ہے کہ ایک کمزور بنیاد کبھی بھی بلند عزائم کی حمایت نہیں کر سکتی.
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی بدقسمتی ہے کہ ڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس تیزرفتار دور میں بھی ہمارے اکثر اداروں اور ڈائریکٹوریٹس کے کوائف اور اعداد وشمار کمپیوٹرائزڈ نہیں ہیں. انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ اگر ہم نے جدید تقاضوں اور عوامی ضروریات کو پورا کرنے کی خاطر فوری طور پر اپنے سسٹم اور اداروں کی کمپیوٹرائزیشن نہیں کی تو مسقبل قریب میں ہم بڑے خدشات سے دو چار ہو سکتے ہیں.
گورنر بلوچستان نے کہا کہ ان خامیوں پر فوری طور پر قابو پانے کیلئے ہمیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار کر انقلابی اقدامات اٹھانے ہوں گے کیونکہ اپنے سسٹم اور اداروں کو کمپیوٹرائزڈ کیے بغیر ہماری مجموعی کارکردگی سست روی کا شکار ہے.
سرکاری دفاتر میں ایک ادنیٰ سی فائل نکلنے میں بھی کئی مہینے لگ جاتے ہیں جس سے ہم سب کا قیمتی وقت، توانائی اور سرمایہ وغیرہ ضائع ہوتے ہیں اور عام لوگ تو طویل مایوسیوں کا شکار ہو جاتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ دفتری کارکردگی میں تیزی لائیں، اداروں میں کمپیوٹرائزشن کو یقینی بنائیں اور لوگوں میں موجود بیگانگی اور احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائیں..