|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2024

دکی: کمشنر لورالائی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر ضلع دکی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ظہور احمد بلوچ نے کاروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ مڈل سکول کلی مٹھیان کے دو کمروں کو خالی کروا کر ایجوکیشن حکام کے حوالے کر دیا ہے،

جو غیر قانونی طور پر مہمان خانہ کے طور پر استعمال ہو رہے تھے۔ اس دوران کمروں میں موجود تمام سامان کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

یہ کارروائی اس بات کی مظہر ہے کہ تعلیمی اداروں کا مقصد صرف اور صرف تعلیم کی فراہمی ہے اور انہیں کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

اس طرح کے اقدامات کا مقصد نہ صرف تعلیمی نظام کو بہتر بنانا ہے بلکہ سکولوں کو ان کی حقیقی حالت میں بحال کرنا بھی ہے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سرکاری ادارے اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور اساتذہ اپنی ڈیوٹی کو سنجیدگی سے انجام دیں۔ غیر حاضری یا ذمہ داریوں میں کوتاہی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ہر بچہ بہترین تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کر سکے۔

اس اقدام کے ذریعے ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تعلیم کی بحالی اور بہتری ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہم اس کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نیکہا کہ یہ کارروائی ایک یاد دہانی ہے کہ تعلیم کے میدان میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہے، اور ہم سب مل کر ایک روشن اور تعلیم یافتہ مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔