|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2024

کوئٹہ: جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی نارتھ بلوچستان آغا عنایت اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور ریلوں کے باوجود قومی شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے،نارتھ بلوچستان میں 1800سو کلومیٹر پر محیط قومی شاہراہوں کے تمام سیکشنز پر ایمر جنسی عملہ اور ہیوی مشینریزنافذ کردی گئیں ہیں،فلڈ ایمرجنسی سیل قائم کرکے صوبائی محکمہ جات کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے،

کوئٹہ تا ڈیرہ اللہ،ژوب،قلات،چمن اور تفتان سیکشنز پر این ایچ اے کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں سیکشنز پر رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،بولان میں کولپور،مچھ ،پنجپائی تا گلنگور اور دانا سر,مسلم باغ کے مقام پر سیلابی ریلوں کے باعث عارضی طور پر ٹریفک معطل رہی جسے بحال کردیا گیا ہے،قومی شاہراہوں کو مسافروں کے محفوظ سفر کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کوشاں ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبررساں ادارہ یو این اے سے بات چیت میں کیا اس موقع پر ڈائریکٹر نارتھ آصف مسعود کیھتران،ڈپٹی ڈائریکٹر این 65 امداد علی سولنگی بھی موجود تھے

انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے پہلے اسپیل میں کوئٹہ تا ژوب قومی شاہراہ مسلم باغ اور دانا سر کے مقامات پر متاثر ہوئی تھی جسے این ایچ اے نے ہنگامی بنیادوں پر بحال کردیا ہے جبکہ اسی طرح بارشوں کے دوسرے اسپیل میں این 65 کولپوراور مچھ کے درمیان متاثرہوا تھا تاہم سیلابی ریلے گزرنے کے بعد این ایچ اے کے عملہ نے ہیوی مشینریز کے ذریعے قومی شاہراہ کو بحال کردیا ہے جبکہ این 40کوئٹہ تفتان شاہراہ پنجپائی اورگلنگور کے مقامات پر متاثر ہوئی تھی

انہوں نے بتایا کہ ممکنہ بارشوں کے باعث نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے فلڈ ایمرجنسی سیل قائم کردئیے گئے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور صوبائی محکموں کوبھی اس ضمن میں آن بورڈ لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ممکنہ حادثہ اور نقصانات سے بچا جاسکے انہوں نے کہا کہ نشینل ہائی وے اتھارٹی ملک کی اکائیوں کو آپس میں ملانے کے لیے ایک زنجیر کی حیثیت رکھتی ہے اور عوام کے سفر کومحفوظ اور آسان بنانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ این 65 پر بولان میں سال2022کے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی تھی جس سے پنجرہ پل مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا جو سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا تاہم وفاقی حکومت کی کاوشوں کے نتیجے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے قابل اور ماہرترین انجینئیرز کی دن رات کی کوششوں کی بدولت نامسائد حالات کے باوجود قلیل عرصہ میں پنجرہ پل کی تعمیر کو یقینی بنایا ہے،

پنجرہ پل کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے،پنجرہ پل کی اونچائی 80فٹ رکھی گئی ہے تاکہ سیلابی ریلے آسانی سے گزر سکیں اور ٹریفک کی روانی تسلسل کے ساتھ جاری رہ سکے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے تھارٹی کی جانب سے کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوتا ہے اس ضمن میں قومی ادارہ کی جانب سے ٹیسٹنگ لیبز موجود ہیں جہاں پر میٹیریل کا چیک اینڈ بیلنس رکھا جاتا ہے۔