|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2024

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے جاری بیان میں کہا ہے کہ شدید و طوفانی بارشوں و سیلاب سے بلوچستان کا بیشتر حصہ ڈوب چکا ہے عوام کی قیمتی اشیا و مال مویشیوں کا بے تحاشا نقصان ہوا ہے ۔بچے و بوڑھے مختلف بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔

لیکن فارم 47 کی بلوچستان حکومت متاثرہ علاقوں سے لاتعلق ہے۔وفاقی حکومت کو کسی قسم کا احساس نہیں۔

بیان میں کہاگیا کہ طوفانی بارشوں و سیلاب سے بہت سے علاقوں کا رابطہ ختم ہوگیا ہے جہاں خورد و نوش کی اشیا کی کمی کا سامنا ہے۔دوائیں دستیاب نہیں غذائی قلت اور علاج و معالجے کی سہولت نہ ہونے سے جانی نقصانات کا اندیشہ ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ صوبائی حکومت کے ماتحت ادارہ پی ڈی ایم قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بنایا گیا ہے لیکن افسوس ہے کہ پی ڈی ایم اے صرف کرپشن کا ادارہ بن گیا ہے

امداد بحالی اور بچا کا کام سر انجام نہیں دیتا۔ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں امداد کاروائیاں کریں اور عوام کو ریلیف و خوردنی اشیا سمیت ضروریات فراہم کریں۔