کوئٹہ : گرین بیلٹ کی سماجی ورکر حمیدہ نورنے کہا ہے کہ بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث گرین بیلٹ میں بسنے والے لوگوں کو بارشوں اور سیلاب سے نقصانات سے بچانے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے جاتے
جبکہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت بن چکی ہے محکمہ پی ڈی ایم اے بارشوں سے قبل حفاظتی اقدامات اٹھانے کے لئے اپنا کردار اد کریں اور حکومت بھی اس حوالے سے سنجیدگی سے وسائل کو بروئے کار لائے نصیر آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے لوگوں کی حالت زار کو بدلنے میں تا حال ناکام نظر آرہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ اس موقع پر نیاز محمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
حمیدہ نور نے کہا کہ علاقہ کی تباہی کی وجہ نا اہل لوگوں کا اقتدار پر قابض رہنا اوراجتماعی عوامی نوعیت کے منصوبوں کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دینا ہے جس طرح گرین بیلٹ کے مسائل کے حل پر کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی ہے ہر سال آنے والی قدرتی آفات، بارشوں اور سیلاب سے ہزاروں زندگیاں، قیمتی املاک، زرخیز زمینیں اور فصلیں داؤ پر لگ جاتی ہے۔
بلوچستان میں نصیر آباد، سبی، قلات ڈویژن غیر معمولی بارشوں سے متاثر ہوجاتے ہیں۔
گرین بیلٹ کے مخصوص اضلاع صحبت پور، جعفر آباد، نصیر آباد، اوستہ محمد، جھل مگسی، سبی، کچھی کے مکینوں کو ہر سال سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ علاقہ مکینوں کا ذریعہ آمدن زراعت اور گلہ بانی سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع صحبت پور میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ہے سڑکیں، چھت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبورہیں کچھی کینال کی تعمیر سست روی کے باعث سیلابی ریلوں کے دباؤ بڑھ جاتا ہے پانی پٹ فیڈر کینال میں آتا ہے جس سے کمزور پشتے ٹوٹ جانے کے باعث لاکھوں کیوسک پانی آبادی میں داخل ہوتا ہے۔
تمام کراسنگ چینلز کو از سر نو بنایا جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو۔ جعفر آباد کی چھوٹی نہروں کا نکاسی آب کا نظام براہ راست کیرتھر کینال سے ہوتا ہوا سندھ جاتا ہے
مگر بلوچستان اور سندھ کے سیاسی نمائندے، جاگیردار بزور طاقت نکاسی آب کا راستہ روکتے ہیں جس کی وجہ سے قیدی شاخ، محبت شاخ باری شاخ، عمرانی شاخ، مگسی شاخ سمیت چھوٹے بڑے سیم نالوں میں شگاف پڑنے کے باعث علاقہ سیلاب کے پانی میں ڈوب جاتا ہے۔
انہوں نے وزیرا علیٰ بلوچستان سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ نہری نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اور گرین بیلٹ کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو نقصانات سے بچایا جاسکے۔