کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے غریب بچوں کو بہترین تعلیم دلانے کے منصوبے کا آغاز کرکے بلوچستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ دی،بلوچستان حکومت کا سب سے بڑا چیلنج گڈ گورننس ہے
انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کے لئے پہلا قدم سرکاری ملازمین کی دفاتر میں بروقت حاضری کو یقینی بنانا ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ( ایکس) پر اپنی پوسٹ میں کیا۔
وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے غریب بچوں کی اسلام آباد میں واقع سکول میں کھیل کود اور کلاسز کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ نوجوان درخشاں ستارے بلوچستان کے غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں
اور اب پاکستان کے ایک بہترین بورڈنگ سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں یہ ہیں بلوچستان کی پس ماندگی دور کرنے کے بیج جو بلوچستان حکومت بو رہی ہے اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہی ہے! انہوں نے لکھا ہے کہ بلوچستان حکومت کا سب سے بڑا چیلنج گڈ گورننس ہے وزیر علی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کے لئے پہلا قدم سرکاری ملازمین کی دفاتر میں بروقت حاضری کو یقینی بنانا ہے۔
اس مقصد کے لئے بلوچستان میں مرحلہ وار بائیو میٹرک اور فیس ریکوگنیشن سسٹم کو لایا جا رہا ہے جس کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے سے مانیٹر کیا جائے گا، اس منصوبے کا آغاز کوئٹہ سیکرٹریٹ سے ہوگا اور پورے بلوچستان میں نافذ کیا جائے گا