|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2024

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سید ہاشمی ریفرنس لائبریری کے مخدوش ہونے اور راستے کی بندش کے خلاف دائر آئینی درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرلیا ہے۔

درخواست سید ہاشمی کتابجاہ کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ عمران کلمتی کی جانب سے دائر کی گئی ہے،

عدالت نے محکمہ ثقافت سندھ اور سندھ ہائی کورٹ کے ناظر کو لائبریری کا دورہ کرکے رپورٹ جمع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں،

جبکہ سماعت 17 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ اس دوران لائبریری کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روک دیا گیا ہے۔

درخواست میں سندھ حکومت، ملیر ایکسپریس وے لیمیٹڈ کمپنی، ڈپٹی کمشنر ملیر، محکمہ آثار قدیمہ سندھ اور محکمہ ثقافت کو فریق بنایا گیا ہے۔

لائبریری کے تحفظ اور راستے کی بندش کو روکنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔. جام صادق پل سے ایم نائن کاٹھور پل تک بننے والے ملیر ایکسپریس وے کے لئے قائدآباد پل کے قریب تعمیر ہونے والے انٹرچینج کے سبب دھکان گارڈن پر واقع سید ہاشمی کتابجاہ کے عمارت کی مسماری اور لائبریری کے سامنے سے گذرنے والے راستے کے بند ہونے کے پیش نظر سید ہاشمی ریفرنس لائبریری کے جنرل سیکریٹری نے سندہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔