کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ فرد، ادارے اور قوم کی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں. کٹھن حالات اور مشکلات اگرچہ پرخار اور پرخطر قومی سفر کے لازمی حصے ہیں لیکن یہ جاننا ضروری ہے
کہ ہمارے موجودہ تمام سیاسی و معاشی چیلنجز وقتی اور عارضی ہیں. سردست ہمیں ناامید اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے. ہم نے نوجوانوں کی شراکت سے یہ ثابت کرنا ہیں کہ ہم مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، ہم خطرات مول لینے کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں، ہم ہر قسم کے بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اب ہم نئے جذبہ و ولولہ کے ساتھ ایک روشن اور خودمختار مسقبل کیلئے پرعزم قوم ہیں.
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مجھے صوبے اور ملک میں موجودہ معاشی تنگدستی، فکری انتشار، بیروزگاری اور باہمی اتحاد و اتفاق کی کمی کا خوب احساس ہے لیکن ان تمام نامساعد حالات و مصائب میں بھی ہم ایک روشن مستقبل کی تلاش میں متحد ہیں. انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ زندگی سیدھی لکیر ہرگز نہیں ہے
بلکہ ایک فرد یا قوم کی سطح پر ایک مشکل سفر ہے جو اتار چڑھا سے متاثر ہے البتہ بحیثیت قوم ہم اپنے حصے کے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں لہذا ضروری ہے کہ ہمیں اپنے سیاسی اور معاشی بحرانوں سے آگے بڑھنے اور سب کو ساتھ لے جاتے کے مواقع کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ قومی مفادات کیلئے ذاتی مفاد قربان کرنے، اپنے معاشرے کی عظیم خاموش اکثریت کی آواز بنے اور عوام کے حقوق واختیارات میں اضافہ کرنے کے بعد ہی ہمیں معاشی آسودگی اور سیاسی استحکام کی ضمانت مل سکتی ہے.