کوئٹہ : صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ/ واسا ،سردار عبدالرحمن کھیتران نے راڑہ شم ،قلات میں حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور وحشیانہ اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس دلخراش واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
انہوں نے شہداکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ سردار کھیتران نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
مسافروں پر حملے کوغیر انسانی فعل اور سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سردار کھیتران نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کے اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں ہونگے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، اس خطے کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ امن کا قیام اور شہریوں کے جان و املاک کا تحفظ کسی بھی ریاست یا حکومت کیلئے پہلی ترجیح ہوتی ہے۔
صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے تمام تر ممکنہ کاوشیں یقینی بنائے گی۔ صوبے میں امن و امان اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے عوام/پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔