کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے موسیٰ خیل ، قلات اور بولان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے بزدلانہ کاروائیوں میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے دہشگردی کے واقعات کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ہے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کا پیچھا کریگی اور بدامنی کے ان واقعات میں ملوث تخریب کار اور دہشت گرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کا مقصد صوبے کے امن کو خراب کرنا اور صوبے میں انتشار کو بڑھانا ہے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد نہتے اور معصوم لوگوں کو قتل کرنے کی غیر انسانی فعل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ریاست مخالف عناصر کو پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پوری قوت اور طاقت سے ایسے تمام دہشتگرد عناصر کا قلع قمع کرتے ہوئے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام اپنے سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ ہر محاز پر دہشت گردوں اور انکے ناپاک عزائم کا مردانہ وار مقابلہ کریگی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان افسوسناک دہشگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ریاست پوری قوت اور شدت سے ایسے تمام عناصر کی مکمل سرکوبی کریگی اور انکے ناپاک عزائم خاک میں ملائے گی وزیراعلیٰ نے جانبحق افراد کی روح کے ایصال ثواب اور بلند درجات کی دعا کی ہے۔