|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2024

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اورلیویز اہلکاروں سمیت 10 افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے مطابق،

مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کا ایک سب انسپکٹر، 4 لیویز اہلکار اور 5 شہری جاں بحق ہوئے، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ایس ایس پی قلات کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد علاقے کو کلیئر کیا جارہا ہے، قومی شاہراہ اور شہر میں مسلح افراد رات سے پولیس کے ساتھ مقابلہ کررہے تھے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف مقامات گزشتہ رات سے گزشتہ رات دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں۔ ضلع موسی خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔

دوسری جانب، مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں لیویز تھانے پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جبکہ کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر نامعلوم افراد کیچی بیگ تھانے کی دیوار کے پاس دستی بم حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ ان دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔