|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2024

کوئٹہ :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں ضلع موسیٰ خیل راڑہ شم سمیت کئی مقامات اور قومی شاہراہوں پر ٹرک ڈرائیورز، بے گناہ افراد کو قتل کرنے ، مال بردار ٹرکوں اور گاڑیوں کو جلانے کے دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے حکومتی فورسز کی غفلت اور عوام اور ڈرائیورز کی جان ومال اور ٹرکوں کو وگاڑیوں کو تحفظ فراہم نہ کرنے کے عمل کو قابل گرفت قرار دیا گیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب رات بھر موسیٰ خیل راڑہ شم اور دیگر ضلعوں اور شاہراہوں پر حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے میوہ جات ، معدنیات اور دیگر ساز وسامان سے لدے ٹرکوں کو جلایا گیا ۔ بسوں سے کئی افراد اور ٹرک ڈرائیورز کو اُتا ر کر بیدردی سے قتل کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ بالخصوص ایف سی اور موجودہ حکومت جو زر وزور اور سیٹوں کی نیلامی کے ذریعے دانستہ مسلط کی گئی ہے جس کے نمائندگان کرپشن ، کمیشن ، پرسنٹیج کی وصولی میں مصروف عمل ہیں ، عوام ،تاجروں ، ٹرانسپورٹروں ، زمینداروںکو درپیش مسائل کی جانب توجہ دینے سے مکمل قاصر ہیں اور موجودہ مرکزی وصوبائی حکومتیں امن وامان کے قیام اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طو رپر ناکام ہوچکی ہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے عوام کے ٹیکسز سے ڈبل تنخواہیں عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے نام پر وصول کررہے ہیں ۔

ایف سی نے پشتونخوا وطن میں قدرتی معدنیات پر مزید قبضے کی منصوبہ بندی کرکے پہاڑی سلسلوں پر چوکیاں قائم کی ہیں اور تمام قومی شاہراہوں پر سیکورٹی کے نام پر چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں ، روزانہ مختلف قومی شاہراہوں پر عوام کو بیجا اور غیر ضروری تلاشی کے نام پر تنگ کرنے اور ان سے رشوت اور بھتہ وصول کرتی ہیں ۔

ایف سی معدنیات والے علاقوں میں زبردستی غیر قانونی ٹیکسز اور جبری بھتہ وصول کررہی ہیں اور نامعلوم نمبرز سے لیز مالکان کو فون کرکے اُن سے لاکھوں روپے زبردستی وصول کرتی ہیں اوربھتہ نہ دینے پر انہیں قتل کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ایک جانب حکومت سے سیکورٹی کے نام پر سالانہ اربوں روپے وصول کیئے جارہے ہیں دوسری جانب عوام کی لوٹ مار کے ذریعے دولت اکھٹی کی جارہی ہے لیکن جب بھی عوام کو قومی شاہراہوں ، شہروں ، پہاڑی سلسلوں میں تحفظ کے مسائل درپیش ہوئے ہیں ایف سی نے موقع پر حاضر ہونے کی بجائے دیگر سیکورٹی اداروں کو عوام کی مدد کرنے اور جائے وقوع پر جانے سے منع کیا ہے۔ گزشتہ شب صبح تک مین شاہراہوں پر بے خوف وخطر درجنوں ٹرکوں کو جلایا گیا ، ٹرکوں کے ڈرائیورز ، مزدوروں اور عوا م کو سفاکانہ انداز میں قتل کیا گیا ۔

دہشتگردوں کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچی جس کا واضح مقصدیہ ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشتگردی اور دہشتگردوں کو تحفظ ومدد فراہم کررہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمای شاہراہیں اب مکمل طور پر غیر محفوظ ہوچکی ہیں اور عوام ایک شہر سے دوسرے شہر تک معدنیات ، میوہ جات ، سبزیات اوردیگر تجارتی سامان منتقل کرنے سے کترارہے ہیں ۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قومی شاہراہوں پر عوام اور ڈرائیورز کو قتل کرنے، ٹرکوں وگاڑیوں کو جلانے،تاجروں ،ٹرانسپورٹرز کو کروڑوں روپے کے نقصانات سے دوچار کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرکے تمام اہم شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے۔