کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالعاتی دورے پر بلوچستان آنے والے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے 51 ویں کورس کے پولیس سروس آف پاکستان کے زیر تربیت اے ایس پیز نے ملاقات کی اس موقع پرشرکاء نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے بلوچستان میں امن و امان، عوامی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبوں اور پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے سمیت دیگر امور پر تفصیلی سوالات سوالات کئے
جس پر وزیر اعلٰی بلوچستان نے کورس کے شرکاء کو اعداد و شمار اور حقائق کی روشنی میں تفصیلی جواب دئیے زیر تربیت پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع رقبہ رکھنے والا صوبہ ہے
اور یہاں کے معروضی حالات بھی ملک کے دیگر صوبوں سے مختلف ہیں بلوچستان کے لوگ پرامن اور محب وطن ہیں تاہم مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں جن کے قلع قمع کے لئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں دہشتگردی کی عفریت کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک جامع اور منظم پلان تشکیل دیا جارہا ہے
جو پائیدار قیام امن کا ضامن ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے افسوسناک واقعات میں معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ کو بڑھاوا دیا جاتا ہے
لیکن یہ طے ہے کہ پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنے کی سازش کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا اور ملک دشمن قوتوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کیا جاررہا ہے
تاکہ سماج دشمن عناصر اور جرائم کی موثر انداز میں روک تھام کی جاسکے وزیر اعلٰی بلوچستان نے زیر تربیت اے ایس پیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ بہتر انداز سے پاکستان کی خدمت کر سکیں آپ سب نے ملک اور قوم کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے
آپ نے اس حلف کی پاسداری کرنی ہے جو فرائض کی انجام دہی کے لئے لیا ہے تاریخ گواہ ہے کہ جس جس نے پاکستان سے محبت کی ہے اللہ نے اسے عزت دی ہے اورجس نے پاکستان سے غداری کی ہے
اسے ہمیشہ رسوائی ملی ہے آپ نے اس وردی کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے جرات و بہادری سے عوام کی خدمت کرنی ہے اور پاکستان کا نام روشن کرنا ہے اس موقع پر شرکاء نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوامی خدمت کے وڑن کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔