کوئٹہ: کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر نے کوئٹہ پریس کلب میں پیشگی اجازت کے بغیر کانفرنسوں اور سیمیناروں کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پریس کلب کے صدر کے نام ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس نوٹیفیکیشن کو انتہائی اہم سمجھا جائے۔
پریس کلب کے انتظامیہ کی جانب سے نوٹس بورڈ پر آویزاں کیے جانے والے اس نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال میں ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت کے بغیر کسی تنظیم یا جماعت کو پریس کلب میں کانفرنس یا سیمینار منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن میں پریس کلب کے صدر کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ آپ انتظامیہ سے این او سی کے بغیر کسی کو بھی کانفرنس اور سیمینار کی اجازت نہ دیں۔ ٫
صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پہلے سے آزادی کے ساتھ صحافت کرنا مشکل ہے لیکن کوئٹہ کے موجودہ ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کے بعد نت نئی پابندیوں کے احکامات اور ہدایات سامنے آ رہے ہیں۔