|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2024

کراچی:  اوورسیز انوسٹرز چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)نے 27اگست سے 29اگست تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی آئی ٹی سی این ایشیا 2024میں پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز کو ترقی دینے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر ریحان شیخ نے اپنے کلیدی خطاب میں ملک میں آئی ٹی سیکٹر کے مستقبل کیلئے ایک پر امید وڑن کا اشتراک کیا جس میں آئی ٹی اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات (ITeS)میں ترقی کیلئے پاکستان میں نمایاں امکانات کی نشاندہی کی گئی جس میں اصلاحات کے ذریعے ملکی انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ آمدنی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر نے اپنے خطاب میں ایک مضبوط آئی ٹی ماحولیاتی نظام کی ضرورت پر زور یتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف کاروباری ترقی کیلئے اہم ہے بلکہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے ایک سنگِ بنیاد بن سکتا ہے۔

ریحان شیخ نے ان چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی جن سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان چیلنجز میں اے آئی، سائبر سیکیوریٹی، انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے جیسے مخصوص شعبوں میں مہارت کے فرق کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مسلسل سرمایہ کاری اور پالیسی سپورٹ کو یقینی بناناہے۔

انہوں نے کہاکہ آئی ٹی خدمات میں سرمایہ کاری اور ان کو ترجیح دینا عالمی سرمایہ کاروں کو ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ پاکستان میں نہ صرف کاروبار کیلئے حالات سازگار ہیں بلکہ پاکستان جدّت اور ترقی کیلئے پیچیدہ اور ہائی ٹیک آپریشنز کو بھی سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

ریحان شیخ نے کہاکہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری سالانہ 6بلین ڈالر تک بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور 2028تک پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات کی ایکسپورٹ آمدنی 10سے 18بلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے ڈیجٹیلائزیشن کی تبدیلی کی صلاحیت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ 2030تک ڈیجیٹلائزیشن کی تبدیلی پاکستان کیلئے 35بلین ڈالر کی اقتصادی ویلیو لاسکتی ہے۔

سمال میڈیم انٹرپرائزز (SMEs)اور زراعت جیسے اہم شعبے جو پاکستان کی جی ڈی پی کاتقریباً2تہائی حصہ ہیں کو ڈیجیٹائز کرنے سے ملک اپنی جی ڈی پی(GDP)، روزگار کی شرح اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کرسکتا ہے۔

ریحان شیخ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ مالیاتی رسائی کو بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل آن بورڈنگ جیسی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کیلئے اسٹیٹ بینک کے قومی مالیاتی شمولیت کی حکمتِ عملی کو عملی جامہ پہنانے جیسے اقدامات خاص طورپر قابلِ قدر ہیں۔

انہوں نے ملک کے بڑھتے ہوئے مالیاتی منظر نامے کے ثبوت کے طورپر انڈسٹری میں 5ڈیجیٹل بینکوں کی شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ان بینکوں میں بہت سے بینکوں کو غیر ملکی سرمایہ کاری کی سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے آئی ٹی منظر نامے میں جدّت اور بیسٹ پریکٹسزلانے میں ملٹی نیشنل کمپنیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور پاکستان نے انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون اپنانے میں متاثر کن پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے قدیم اور اہم چیمبر آف کامرس کے دیرینہ کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ چیمبر200سے زائد ملٹی نیشنل کمپنیوں کی نمائندگی کررہا ہے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم حصہ ڈال رہا ہے۔ اپنے اختتامی کلمات میں ریحان شیخ نے وزیرِ اعظم کے تحت آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزارت پر اعتماد کا اظہار کیا اور او آئی سی سی آئی کی غیر متزلزل سپورٹ کا اعاد ہ کیا۔

ریحان شیخ نے حکومت، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان آئی ٹی سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور ملک کی آئی ٹی انڈسٹری کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے مسلسل تعاون پر زور دیا۔