کوئٹہ: علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق شمالی بحیرہ عرب سے 270 کلومیٹر جنوب مشرق میں موسمیاتی نظام بن رہا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اس طوفان میں شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔
اس کے زیر اثر نمی کی وافر فراہمی اگلے تین دنوں کے دوران مشرقی علاقوں سبی، نصیر آباد، لسبیلہ، قلات ڈویژن اور بلوچستان کی ساحلی پٹی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس موسلادھار بارش سے لسبیلہ، حب، آواران، جھل مگسی، ہرنائی، خضدار، زیارت، کچھی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، قلات، موسیٰ خیل اور نصیر آباد کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے۔ گوادر کے نشیبی علاقوں گوادر، اورماڑہ، جیوانی پسنی، کیچ تربت، پنجگور، سبی، صحبت پور، جعفرآباد اور اوستہ محمد میں بھی سیلاب کی وجہ سے پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
ساحلی علاقے کے ماہی گیروں اور دیگر ملاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی سمندری سرگرمیاں 31 اگست 2024 تک روک دیں۔
تمام متعلقہ حکام سے گزارش ہے کہ وہ انتہائی الرٹ رہیں اور اس کے مطابق ضروری اقدامات کریں۔