کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام حلقہ پی بی 46 کے یونٹ سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، ضلعی کونسلران اور پارٹی کے کارکنوں کا مشترکہ اہم اجلاس ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری کی صدارت میں پارٹی کے سینئر رہنما ملک رفیق شاہوانی کی رہایشگاہ چکل میاں خان کیچی بیگ میں منعقد ہوا،
اجلاس کے مہمان خاص پارٹی کے مرکزی قائم مقام صدر ساجد ترین ایڈوکیٹ، اعزازی مہمان پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ملک نصیر احمد شاہوانی اور موسی بلوچ، بی ایس او کے مرکزی سیکریٹری جنرل صمد بلوچ تھے۔
اجلاس میں قومی راہشون سردار عطا اللہ خان مینگل کی تیسری برسی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور دوستوں کو ذمہ داریاں دی گئیں قومی راہشون کی تیسری برسی پر تعزیتی جلسہ عام کوئٹہ میٹروپولیٹن کے سبزہ زار پر مورخہ 2 ستمبر، بروز سوموار بوقت 3:00 بجے کو بی این پی کی جانب سے منعقد کیا جائے گا
جبکہ مورخہ 3 ستمبر کو بی ایس او کی جانب سے پولی ٹیکنیک کالج سریاب روڈ پر دن کے 11:00 بجے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام قوم و وطن دوست، سیاسی کارکنان، طلبا و طالبات، مزدور تنظیموں، سول سوسائیٹیز کے نمائندوں اور خواتین کو شرکت کی دعوت دی گئی اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سردار عطا اللہ خان مینگل کی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ
بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں سردار عطا اللہ خان مینگل کا کردار ایک روشن ستارے کی مانند ہے جنہوں نے بلوچ قوم کی سیاہ اور تاریک راتوں کو استقامت کے نور سے منور کیا اور ظلم و نا انصافی کے خلاف مقاومت کے پرچم کو بلند کیا۔ ظالم اور مقتدر قوتوں نے ان پر ہر طرح کے مظالم ڈھائے، انہیں قید و بند کی سعوبتیں دی گئیں، جلاوطن کیا گیا حتی کہ ان کے فرزند اسد بلوچ کو لاپتہ کیا گیا مگر ان کے پائے استقامت میں لغزش نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ آج سیاست کے میدان میں ان کا کردار اور ان کے نظریات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں تعزیتی جلسے کے انعقاد سے ہم اپنے رہبر اور عظیم قومی راھشون کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے نظریات اور مشن کو آگے بڑھانے میں کبھی غفلت نہیں کریں گے اور مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔