تربت: سابق ایم این اے میر یعقوب امام بزنجو نے مکران ڈویڑن میں بجلی بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ایک بیان میں انہوں نے گذشتہ ایک مہینہ سے بجلی کی بندش اور پورے مکران ڈویڑن میں بلیک آؤٹ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس عمل کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے تعبیر کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور بلوچستان کی حکومت سے اس کے فوری حل پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے مکران ڈویڑن کو گوادر اور کیچ سے 200 میگاواٹ بجلی فراہم کی جاتی رہی ہے جس کا دو مختلف اوقات میں وفاقی حکومت نے ایران سے معاہد کیا تھا اس کے بعد مکران ڈویڑن میں بجلی کی ضرورت پوری ہوگئی تھی
تاہم اب ایک مہینہ سے ڈویڑن میں بجلی کا ایک سنگین مسئلہ پیدا کیا گیا لیکن وفاق اور صوبہ میں حکمران اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہے جو تشویش کا باعث ہے۔
سابق ایم این اے میر یعقوب امام بزنجو نے حکومت سے فوری طور پر مکران ڈویڑن میں بجلی کا مسلہ حل کرنے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایرانی سائیڈ سے بجلی کی فراہمی بند کردی گئی تو نیشنل گریڈ سے متبادل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔