|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2024

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جو ریاست کے خلاف بندوق اٹھائے گا، اس کا بندوست کیا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملک کے ایوان بالا سینیٹ کے اجلاس کے دوران کیا۔

بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صوبے میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، کل وزیراعظم کوئٹہ میں موجود تھے، ان کی تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ جو لوگ ریاست کو مانتے ہیں، ان کو سر پر بیٹھائے گے، جو لوگ ریاست کو تسلیم نہیں کرتے اور جو بندوق اٹھاتے ہیں وہ دہشت گرد ہیں اور ان لوگوں کا بندوست کریں گے، یہ واضح کر دوں جو بندوق اٹھائے گا، اس کا بندوست کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وہاں سب سے بڑا مسئلہ افسران کی عدم دستیابی ہے، وفاق سے افسران بلوچستان جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو واقعہ 26 کی رات ہوا، وہ پوری پلاننگ کے ساتھ ہوا، ہمیں معلوم ہے کہ ان کے پیچھے کون ہے؟ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔