|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2024

کوئٹہ :صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس سب انسپکٹر جاں بحق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

پولیس کے مطابق منگل کو تھانہ امیر محمد شہید میں انوسٹی گیشن ونگ میں تعینات پولیس سب انسپکٹر امان اللہ کلی دیبہ سے اپنی گاڑی میں ڈیوٹی کے لئے تھانے جا رہا تھا کہ راستے میں گھر کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے

زخمی کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس لیجا جا رہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور موقع سے شواہد اکھٹے کرتے ہوئے پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ دہشت گردی کا نظر آ رہا ہے

تاہم پولیس واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرے گی دریں اثناء فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ سی پی او کوئٹہ میں ادا کر دی گئی نماز جنازہ میں صوبائی وزراء علی مدد جتک، بخت محمد کاکڑ، ایڈ یشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری اور پولیس کے سینئر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر شہید اہلکار کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔