|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2024

وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اختر مینگل کے تحفظات امانت ہیں، متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا حصہ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اختر مینگل نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی بات کی ہے، اختر مینگل قانون اور آئین کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے اختر مینگل کے پاس ریویو پٹیشن دائر کردی ہے، اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہماری ریویو پٹیشن پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کی بڑی زوردار آواز ہے اور وہ پارلیمنٹ میں رہنی چاہیے، امید ہے اختر مینگل ہماری نظرثانی کی درخواست منظور کریں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اختر مینگل نے جن تحفظات کا اظہار کیا وہ امانت ہیں، اختر مینگل کے تحفظات متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جو گزارشات وزیراعظم سے کی ہیں وہ ان تک پہنچائیں گے، وزیراعظم تمام پارٹی لیڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد آگے بڑھیں گے۔

اس موقع پر خالد مگسی کا کہنا تھا کہ رانا صاحب نے جو پلان دیا ہے اس پر ہم سارے ساتھی متفق ہیں۔