|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2024

کوئٹہ:بلوچستان حکومت نے صوبے میں انتظامی افسران کی کمی کے اعداد و شمار تیار کر لئے، صوبے کے مختلف محکموں میں وفاقی سروسز کے 50فیصدسے افسران کی کمی کا سامنا ۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی بلوچستان کی جانب سے گزشتہ ہفتے صوبے میں ایکپس کمیٹی کے اجلاس کے بعد افسران کی کمی کی فہرست تیار کرلی گئی ہے ۔

حکومت بلوچستان کے اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان میں پاکستان پولیس سروس کی 38فیصد پوسٹیں خالی ہیں پی ایس پی کیلئے مختص 156پوسٹوں میں سے98پر آفیسران تعینات ہیں جبکہ 62 پر کوئی آفیسران موجود نہیں ہے،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے49فیصد آفیسران کم ہیں ،صوبے میں پی اے ایس کی 108منظورہ شدہ پوسٹوں پر صرف 55آفیسران تعینات ہیں

،جن میں زیادہ تر گریڈ 17اور گریڈ 18کی پوسٹوں پر اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر تعینات ہیں جبکہ گریڈ بیس کی 26اورگریڈ 19کی 16پوسٹیں خالی ہیں ۔

اسی طرح بلوچستان سول سروسز کیلئے مقرر 372پوسٹوں میں سے 113خالی ہیں جن پر افیسران تعینات نہیںجبکہ بلوچستان سیکرٹریٹ سروس کی 441پوسٹوں میں 59خالی ہیں ۔صوبے میں گریڈ 1سے لیکر گریڈ15تک 2583میں سے 644پوسٹیں خالی پڑی ہیں واضح رہے کہ بلوچستان میں انتظامی آفیسران کی کمی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے 48ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے نصف آفیسران کو بلوچستان بھجوانے کا اعلان کیا تھا ۔